پاکستان عوامی تحریک کا جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریبا ت کا شیڈول جاری

اتوار 10 اگست 2025 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) پاکستان عوامی تحریک نے جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریبا ت کا تفصیلی شیڈول جاری کر دیا۔ ترجمان کے مطابق تقاریب کا آغازآج11 اگست سے ہو گا اور14 اگست تک جاری رہیں گی۔جشن آزادی کی تقاریب میں کارکنان،طلبہ،خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور شرکت کریں گے۔

شیڈول کے مطابق11 اگست کو قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب منعقد کی جائے گی جس میں وطن عزیز کی سلامتی،خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔اسی طرح منہاج یوتھ لیگ 12 اگست کو مرکزی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی اور ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز کرے گی۔12 اگست کو نوجوانوں کے عالمی دن کے حوالے سے نوجوان پاکستان کا مستقبل کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر کی یوتھ تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

13 اگست کو مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام ملک گیر پرچم کشائی مہم وریلیاں نکالی جائیں گی اور14اگست کی صبح مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہو گی جس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی،صوبائی اورضلعی رہنما شرکت کریں گے ۔ترجمان کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں جشن آزادی کے حوالے سے تقاریب منعقد کی جائیں گی، منہاج یونیورسٹی، منہاج کالجز اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام چلنے والے سکولوں میں تحریک آزادی کے حوالے سے پروگرام منعقد اور تمام عمارتوں پر پاکستانی پرچم آویزاں کیے جائینگے۔

ترجمان کے مطابق ان تقریبات کا مقصد نوجوان نسل میں آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اوراتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔14 اگست کے حوالے سے مرکزی تقریب پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہو گی جس میں عوامی تحریک کے مرکزی قائدین اور دیگر مذہبی، سیاسی، سماجی رہنما شرکت کرینگے جبکہ تمام اضلاع کی تنظیمات دعائیہ تقاریب بھی منعقد کرینگی اور کیک بھی کاٹے جائینگے۔