عروج بٹ قومی انڈر 17مینزفٹ بال ٹیم کی منیجر مقرر

اتوار 10 اگست 2025 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے کھیلوں میں صنفی برابری کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے عروج بٹ کو مردوں کی انڈر17 قومی ٹیم کی ٹیم منیجر مقرر کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق اس تقرری کے ساتھ ہی وہ ملکی فٹبال تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

(جاری ہے)

عروج بٹ 2022 سے پی ایف ایف کے ساتھ بطور سیف گارڈنگ آفیسر خدمات انجام دے رہی ہیں ،ان کے پاس فیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور سائوتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) سے بچوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے متعدد بین الاقوامی اسناد موجود ہیں۔

پی ایف ایف کے مطابق یہ فیصلہ واضح پیغام ہے کہ خواتین کو کھیل کے ہر شعبے میں میدان سے بورڈ روم تک بھرپور نمائندگی حاصل ہونی چاہیے۔ یہ اقدام فیفا کے عالمی اہداف اور انسانی حقوق امتیاز کے خاتمے اور خواتین کی شمولیت سے متعلق پالیسیوں کے عین مطابق ہے۔اس موقع پر پی ایف ایف صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ وہ پاکستان فٹبال کی تاریخ میں خواتین کو منیجری کردار میں دیکھ کر فخر محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کہ عروج بٹ کی موجودگی مزید خواتین کو فٹبال میں اہم کردار سنبھالنے کی ترغیب دے گی۔