پاکستان کو 34 سال بعد ویسٹ انڈیز سے سیریز میں شکست ہونے کا خطرہ

سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستانی باولرز کی انتہائی بری گیند بازی، آخری 8 اوورز میں 100 سے زائد رنز دے ڈالے

muhammad ali محمد علی منگل 12 اگست 2025 22:20

پاکستان کو 34 سال بعد ویسٹ انڈیز سے سیریز میں شکست ہونے کا خطرہ
ٹرینیڈاڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اگست 2025ء ) پاکستانی باولرز کی انتہائی بری گیند بازی، پاکستان کو 34 سال بعد ویسٹ انڈیز سے سیریز میں شکست ہونے کا خطرہ، سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 295 رنز کا مشکل ہدف دے دیا، پاکستانی گیند بازوں نے آخری 50 گیندوں پر 100 سے زائد رنز دے ڈالے، سیریز کے آخری میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، شے ہوپ کی شاندار اور دھواں دار سینچری کی بدولت ویسٹ انڈیز مقررہ 50 اوورز میں 294 رنز بنانے میں کامیاب رہی، آج کے میچ کی فاتح ٹیم سیریز اپنے نام کر لے گی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ون ڈے میں پاکستان، دوسرے میں ویسٹ انڈیز کامیاب ہوا۔

(جاری ہے)

پاکستانی وقت کے مطابق سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ آج شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گذشتہ31 سال میں دس ون ڈے انٹر نیشنل سیریز میں فتح حاصل کر رکھی ہے۔ 1991 کے بعد پاکستان کبھی ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک روزہ میچز کی سیریز نہیں ہارا۔

واضح رہے کہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ بورڈ میں آمد کے بعد سے پاکستان کی کرکٹ نے زوال کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ محسن نقوی کے چئیرمین پی سی بی بننے کے بعد سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکستوں اور شرمناک ریکارڈز بننے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ سامنے آنے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 2024 سے اب تک کھیلے گئے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا دنیا میں سب سے بدترین ریکارڈ رہا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران 63 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں سے اسے 38 میں شکست ہوئی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران کسی دوسری ٹیم کو اتنے ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست نہیں ہوئی۔ محسن نقوی دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکستوں کا ریکارڈ بن چکا ہے۔ محسن نقوی کے چئیرمین پی سی بی بننے کے بعد پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا سے شکست کھا چکا، آئرلینڈ کے ہاتھوں بھی پاکستان کو شکست ہو چکی، پاکستان ہوم گراونڈ پر کمزور ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں بھی ناکام رہا، جبکہ ورلڈکپ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کو آخری نمبر ملا۔

اس کے علاوہ صرف ایک سال میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست ہو گئی۔