اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 10 اگست 2025ء) چین کی چند نجی تیل کمپنیاں عراق میں اربوں ڈالر کے منصوبے شروع کر رہی ہیں، جن سے وہ اوپیک کے دوسرے بڑے تیل پیدا کرنے والے ملک میں عالمی و چینی سرکاری کمپنیوں کی اجارہ داری کو چیلنج کر رہی ہیں۔ ان قابل ذکر چینی کمپنیوں پر ایک نظر ڈالتے، جو اس وقت تیل سے مالا مال عراق میں کام کر رہی ہیں۔
یونائیٹڈ انرجی گروپ (یو ای جی)
ہانگ کانگ میں رجسٹرڈ یہ کمپنی پاکستان اور چین کے لیاؤہے آئل فیلڈ سے تیل و گیس نکال رہی ہے اور اب یہ عراق کے بلاک نائن میں یومیہ تقریباً 1,20,000 بیرل تیل نکال رہی ہے، جو نجی کمپنیوں میں سے کسی کی بھی طرف سے سب سے زیادہ پیداوار ہے۔ یو ای جی نےگزشتہ برس جنوبی عراق میں فاؤ بلاک میں تیل کی تلاش کا لائسنس حاصل کیا۔
(جاری ہے)
یہ کمپنی سنگاپور، دبئی اور بیجنگ میں تجارتی دفاتر چلاتی ہے، جن کی نگرانی تیل کے سابق سرکاری تاجروں کے پاس ہے۔
ژونگمان پیٹرولیم اینڈ نیچرل گیس گروپ
چین اور قزاقستان میں اثاثے رکھنے والی شنگھائی کی یہ کمپنی پہلے آئل فیلڈز میں خدمات فراہم کرتی تھی۔ اس نے پچھلے سال مشرقی بغداد (شمال) اور مڈل فرات بلاکس میں تیل کی تلاش کے لائسنس جیتے۔
جون میں اس کمپنی نے ان دو بلاکس پر 48 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔حال ہی میں اس نے الجزائر میں قدرتی گیس کی تلاش کا پہلا پروڈکشن شیئرنگ معاہدہ بھی کیا۔
جیو۔جیڈ پٹرولیم
شنگھائی میں رجسٹرڈ اس کمپنی نے مئی میں جنوبی بصرہ میں ایک بڑے مربوط منصوبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا، جس میں ٹوبا آئل فیلڈ کی پیداوار کو ایک لاکھ بیرل یومیہ تک بڑھانا اور دو لاکھ بیرل تیل یومیہ صاف کرنے والی ریفائنری تعمیر کرنا بھی شامل ہیں۔
اس کمپنی نے 84 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے اور 2027 کے وسط تک ٹوبا فیلڈ کی پیداوار 40,000 بیرل روزانہ تک بحال کرنے کا ہدف رکھا ہے۔
جیو۔جیڈ 2027 کے آغاز میں وسطی عراق میں نفت خانا بلاک میں تیل نکالنا شروع کرے گی، جہاں وہ 15,000 بیرل یومیہ کا پیداواری ہدف رکھتی ہے۔
مئیسان صوبے میں ہواویزا فیلڈ سے بھی وہ 2027 کے دوسرے نصف حصے میں 10,000 بیرل تیل روزانہ نکالنے کی تیاری کر رہی ہے۔
کمپنی کے قزاقستان اور البانیہ میں بھی چھوٹے پیداواری اثاثے ہیں۔ اس نے 2024 میں سنگاپور میں اپنا ایک تجارتی دفتر قائم کیا۔
انٹون آئل فیلڈ سروسز گروپ
ہانگ کانگ میں رجسٹرڈ یہ کمپنی پہلے عراق کے مجنون آئل فیلڈ پر سروس فراہم کرتی تھی اور پھر گزشتہ سال پہلی بار کسی منصوبے کی خود نگران بنی۔ اسے واسط صوبے میں دھفریہ آئل فیلڈ کی ترقی کا لائسنس دیا گیا ہے۔
ادارت: مقبول ملک