پوری قوم یومِ آزادی جوش و خروش سے منانے کی بھرپور تیاریاں کر رہی ہے، فرح ناز اکبر

اتوار 10 اگست 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ورثہ فرح ناز اکبر نے کہا ہےکہ پوری قوم یومِ آزادی کو جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی تیاریوں میں مصروف ہے ،14 اگست پاکستان سے وفاداری کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔اتوار کواپنے بیان میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم نعمت ہے اور یہ ہماری خوشیوں، امیدوں اور شناخت کا محور ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم یومِ آزادی کو ایک تاریخی فتح کے طور پرخصوصاً حالیہ جنگ میں سب سے بڑے دشمن بھارت کے خلاف کامیابی کے تناظر میں منانے کی بھرپور تیاری کر رہی ہےاور قوم کا ہر بچہ مادرِ وطن پراپنی جان قربان کرنے کو اپنی خوش نصیبی اور فخر سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے لاکھوں قربانیوں کے بعد آزادی حاصل کی اور آج ہم ایک اہم مقام پر کھڑے ہیں۔

فرح ناز اکبر نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ یومِ آزادی کو دعاؤں، برکتوں، قومی پرچم کی عزت اور عوام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ منائیں تاکہ اس دن کا حق ادا ہو سکے۔انہوں نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات سے کہا کہ وہ نئی نسل کی ایسی تربیت کریں کہ وہ آزادی کی قدر، قربانیوں کی اہمیت اور حب الوطنی کو سمجھ سکیں۔دریں اثنا پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے یومِ آزادی جیسے اہم موقع پر خونریزی اور ہنگاموں کا اعلان کر کے اپنی ملک دشمنی ظاہر کر دی ہے،نیازی نے ملک میں انتشار کی سیاست کا داغ لگایا ہے جو ہماری آنے والی نسلوں پر بھی اثر انداز ہوگا۔