بھارتی ائر چیف کا دعویٰ انتہائی مضحکہ خیز ہے، چینی دانشور

اتوار 10 اگست 2025 21:50

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) چینی دانشور اور چہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر چینگ زیژونگ(Prof Cheng Xizhong )نے بھارتی ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ کے اس بے بنیاد دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ بھارتی ائر فورس نے مئی کے اوائل میں آپریشن سندورکے دوران پانچ پاکستانی لڑاکا طیارے اور ایک بڑا طیارہ تباہ کیا تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پروفیسر چینگ نے ایک بیان میں کہا کہ اس دعوے میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے اس پر بڑے پیمانے پر سوالات اٹھائے گئے ہیں اور اسے بے بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی چیز ، کسی بات یا کسی دعوے کا ثبوت ہونا چاہیے جبکہ بھارت نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، جیسا کہ لڑاکا طیاروں کے ملبے کی تصاویر، ریڈار مانیٹرنگ ڈیٹا وغیرہ، جب کہ پاکستان نے بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے سے متعلق کا فی شواہد پیش کئے ہیں۔

(جاری ہے)

چینی دانشور نے کہا کہ بھارتی ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ کا دعویٰ انتہائی مضحکہ خیز ، ناقابل فہم اور ناقابل یقین ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی رہنمائوں، سینئربھارتی سیاست دانوں اور غیر ملکی انٹیلی جنس کے جائزوں سے بھی تصدیق ہوئی ہے کہ لڑائی میں بھارت کے متعدد طیاروں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ بھارت نے کوئی پاکستانی لڑاکا طیارہ نشانہ نہیں بنایا جبکہ اس کے برعکس پاکستان نے دیگر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ چھ بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا اور ایس 400 ایئر ڈیفنس نظام کو تباہ کیا اور یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے۔