ایف بی آر کو اپنی ساکھ بحال کرنے کے لئے بڑی محنت کرنے کی ضرورت ہے ‘ خادم حسین

ڈھانچے کو نئی بنیاد دینے کیلئے ماہرین سے اسٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے ‘ ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی

پیر 11 اگست 2025 11:54

ایف بی آر کو اپنی ساکھ بحال کرنے کے لئے بڑی محنت کرنے کی ضرورت ہے ‘ خادم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے اصلاحات کے عمل کیلئے جو رفتار درکار ہے اس کے مطابق پیشرفت نہیں کی جارہی ، ایف بی آر کو تجربات کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے اس کے ڈھانچے کو نئی بنیاد دینے کے لئے ملکی اور غیر ملکی ماہرین سے اسٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پالیسی بنانے والے مستقل مزاجی کی بجائے ایڈ ہاک ازم کو ترجیح دیتے ہیں ، اس سے بعض اوقات نتائج تو حاصل ہو جاتے ہیں لیکن یہ کامیابی دیرپا نہیں ہوتی ۔ پاکستانی معیشت کو ترقی دینے کے لئے طویل المدت اور دیرپا پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے ۔ خادم حسین نے کہا کہ ایف بی آر کو اپنی ساکھ بحال کرنے کے لئے بڑی محنت کرنے کی ضرورت ہے ، ٹیکس دینے والے اس ادارے سے خوف کھاتے ہیں جس کی وجہ سے ٹیکس لیکج اور چور راستے کھلتے ہیں ، ایف بی آر کے افسران اپنے اوپر سے تھانیدار کا لیبل اتاریں اور ٹیکس دہندگان سے دوستانہ ماحول کی فضاء قائم کریں تاکہ جو لوگ ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں وہ بھی اس میں شامل ہوں۔