خیبر، لنڈیکوتل پولیس کی منشیات اسمگلرز کے خلاف بڑی کارروائی، 8 کلوگرام آئس اور 5 کلوگرام ہیروئن برآمد ،دو ملزمان گرفتار

پیر 11 اگست 2025 12:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) لنڈیکوتل پولیس نے منشیات اسمگلرز کے خلاف بڑی کارروائی میں لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تر جمان خیبر پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بلا تفریق اور بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

ایس ایچ او لنڈیکوتل عدنان آفریدی کی سربراہی میں چروازئے کے مقام پر سپیشل ناکہ بندی کے دوران ایک کیری ڈبہ کو روک کر تلاشی لی گئی۔ گاڑی کے خفیہ خانوں سے 8 کلوگرام آئس اور 5 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، جس کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔کارروائی کے دوران ملزمان وقاص آفریدی ولد لال محمد اور اجمل خان ولد لال محمد ساکنان شاکس جمرود کو موقع پر گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے کہا کہ منشیات فروش اور سمگلر معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والے خطرناک مجرم ہیں، ان کے لیے ضلع خیبر میں کوئی جگہ نہیں۔ پولیس ہر محاذ پر ان کا پیچھا کرے گی، چاہے وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔ منشیات کے خلاف آپریشن اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری منشیات فروش کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے نہ پہنچا دیا جائے۔