یوم آزادی شہر کی تاجر برادری کے ہمراہ جوش وخروش کیساتھ منایا جائیگا،صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد

پیر 11 اگست 2025 13:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سر پرست اعلیٰ و صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سکا نے کہا ہے کہ یوم آزادی شہر کی تاجر برادری کے ہمراہ جوش وخروش کیساتھ منایا جائیگا۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی تاجر برادری اس مبارک دن کی مناسبت سے اپنے اپنے گھروں، دفاتر، دکانوں اور فیکٹریوں پرقومی پرچم لہرائے گی اور دن کا آغازمساجد میں نماز فجر کے بعد کشمیر کی آزادی، ملک کی سلامتی، قومی خوشحالی، معیشت کی ترقی اور عالم اسلام کے اتحاد کی دعاؤں سے ہوگا۔

اس سلسلے میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب 13 اور14 اگست بروز بدھ و جمعرات کی درمیانی شب چوک گھنٹہ گھر میں منعقد ہوگی جہاں شہر کے تاجر رہنما کیک کاٹیں گے اور تحریک پاکستان کے شہداکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرکے ان کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فا تحہ خوانی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور امن و سلامتی کی دعا کی جائیگی۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کی تقریبات کے ذریعے حب الوطنی کے جذ بات کا بھرپور انداز میں اظہار کرینگے۔انہوں نے کہاکہ آزادی عظیم نعمت ہے اورپاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیاگیاتھا جسکی حفاظت، بقا و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے قومی وحدت کے ساتھ تمام ترصلاحتیں بروئے کار لانا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کوآزادی کی قدوقیمت سے آگاہ رکھنے کیلئے جشن آزادی کی تقریبات بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔