دبئی میں پاکستان کے یوم آزادی کی 78ویں سالگرہ کی تقریب، متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی سمیت 60 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

پیر 11 اگست 2025 18:00

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) دبئی میں پاکستان کے یومِ آزادی کی 78ویں سالگرہ کا انعقاد کرتے ہوئے دبئی ایکسپو سٹی میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے امارات میں سفیر فیصل نیاز ترمذی، متعدد سرکاری و سفارتی شخصیات، معاشی نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں افراد کے ہمراہ پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔

دبئی ایکسپو سٹی کے دبئی ایگزِیبیشن سینٹر میں منعقدہ تقریب میں 60 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔یہ تقریب "ایمریٹس لو پاکستان " پلیٹ فارم کی جانب سے دبئی پولیس کی معاونت اور پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیوں اور خدمات کو اجاگر کرنا اور سماجی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

(جاری ہے)

شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کی مضبوط قومی شناخت، حوصلے، عزم اور کامیابیوں کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ دبئی میں اس دن کا جشن دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے گہرے رشتے کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کے مطابق امارات اور پاکستان کے تعلقات مشترکہ اقدار، ثقافتی ورثے، باہمی احترام اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر قائم ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کی محنت، تخلیقی صلاحیت اور خدمات اماراتی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔وزیرِ رواداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات عالمی سطح پر سماجی و معاشی ترقی کے فروغ میں بھائی چارے کی شاندار مثال پیش کرتے ہیں اور وہ ان تعلقات کے روشن مستقبل کے بارے میں پُرامید ہیں۔

شیخ نہیان نے کہا کہ صدرِ امارات شیخ محمد بن زاید النہیان اور نائب صدر، وزیرِ اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قیادت میں امارات دنیا بھر میں رواداری، بقائے باہمی اور انسانی بھائی چارے کا روشن مرکز بن چکا ہے، جہاں مختلف ثقافتوں کے لوگ امن و سکون کے ساتھ رہتے اور کام کرتے ہیں۔انہوں نے "وطنی الامارات فاؤنڈیشن" کے زیر اہتمام قومی تحریری مقابلے کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اس میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے ذاتی تجربات، کامیابیوں اور تاثرات کو کہانی، نظم، خط یا مضمون کی صورت میں پیش کریں ، تاکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی ورثہ بن سکے۔

تقریب کے موقع پر امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے وام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں دونوں ممالک نے معیشت، ثقافت اور انسانی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں شاندار تعلقات قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات آئندہ بھی ثقافتی تبادلے، معاشی تعاون اور فنون کے ذریعے مزید مستحکم کیے جائیں گے۔پروگرام میں پاکستان کے متنوع ورثے، موسیقی، رقص اور فنون کی جھلک پیش کی گئی۔

روایتی کھانوں اور دستکاریوں نے شرکاء کو پاکستان کی ثقافتی شناخت سے روشناس کرایا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں افراد کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا، جن میں معروف کاروباری شخصیات، بینکار، تعلیمی رہنما، کھیلوں اور صحافت کے شعبوں میں کامیاب نام شامل تھے۔پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پاکستان میڈیکل سینٹر کے 45 ملین درہم مالیت کے توسیعی منصوبے سے طبی سہولیات میں تین گنا اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے میں جدید تشخیصی یونٹ، ڈائیلاسز، فزیوتھراپی اور دیگر خدمات کی توسیع شامل ہے۔1971 میں مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی قیادت میں قائم ہونے والے تعلقات آج بھی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں ۔\932