اتحاد المدارس الاسلامیہ کی جانب سے ماہِ آزادی کے خصوصی پروگرامز کا انعقاد

پاکستان سے محبت ایمان کا حصہ ہے، اس کے دفاع اور تعمیر میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔مفتی اکرام اللہ واحدی

پیر 11 اگست 2025 18:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان کے ساتھ الحاق شدہ مدارس میں ماہِ آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیاجارہا ہے ۔ ان تقریبات کا مقصد طلبہ و اساتذہ کو قیامِ پاکستان کی جدوجہد، نظریہ پاکستان اور آزادی کی نعمت سے متعلق آگاہی و شعور فراہم کرنا ہے ۔اس موقع پر ناظم الامتحانات اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان اکرام اللہ واحدی نے کہا کہ مدارس اسلام کے قلعے ہیں، اور پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ پر رکھی گئی ہے۔

ہمیں اپنی نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ آزادی اللہ کی عظیم نعمت ہے، اس کی حفاظت اور قدر ہماری دینی و قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی مناتے وقت اللہ کی نافرمانی اور غیر اللہ سے مشابہت سے اجتناب کریں۔

(جاری ہے)

ڈھول، باجے اور گانے غیر اسلامی فعل ہیں، جو نعمتِ آزادی پر ناشکری کے مترادف ہیں۔ آزادی کا شکر یہ ہے کہ اللہ کی عطا کردہ زمین پر نماز قائم کریں، زکو ادا کریں، نیکی کا حکم دیں اور برائی سے روکیں۔

اکرام اللہ واحدی نے مزید کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں کمزوری سے طاقت، خوف سے امن اور بھوک سے رزق کی طرف منتقل کیا، لہذا اس کی نافرمانی نہ کریں۔ پاکستان سے محبت ایمان کا حصہ ہے، اس کے دفاع اور تعمیر میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ حدود اللہ کا نفاذ اور عدل و انصاف پر مبنی فیصلے ریاستِ اسلامیہ کو مضبوط کرتے ہیں، اور یہ ہمارا قومی و دینی فریضہ ہے۔