پشاور، تھانہ آغا میر جانی پولیس کی کارروائی، جعلی کرنسی کی فیکٹری سیل، مشینری و بھاری تعداد میں جعلی کرنسی برآمد

پیر 11 اگست 2025 18:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) پشاور کے تھانہ آغا میر جانی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی کی فیکٹری سیل کرکے مشینری و بھاری تعداد میں جعلی کرنسی برآمد کرلی۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق ایس پی سٹی ڈویژن پشاور محمد عتیق شاہ کو موصول خفیہ اطلاع پر ڈی ایس پی یکہ توت سرکل سعید الرحمان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ آغا میر جانی شاہ اجمل حیات اور ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آغا میر جانی شاہ کی حدود لالی باغ میں گھر کے اندر قائم جعلی کرنسی کی فیکٹری سیل کر دی۔

کامیاب کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں پاکستانی جعلی کرنسی، کرنسی تیار کرنے والی مشینری اور مختلف اوزار برآمد کر کے پولیس تحویل میں لے لیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مذموم مقاصد کی خاطر کرائے پر گھر حاصل کر کے جعلی کرنسی تیار کر رہے تھے، جو ملک کے مختلف شہروں کو سپلائی کی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملوث ملزمان کی گرفتاری اور نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ایس پی سٹی محمد عتیق شاہ نے کہا کہ قانون شکن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پولیس ہر محاذ پر متحرک ہے۔

متعلقہ عنوان :