پاکستان کے قیام میں مسیحیوں کی خدمات بھی شامل ہیں، نورین عنایت

پیر 11 اگست 2025 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2025ء)معروف مسیحی سیاسی و سماجی رہنما نورین عنایت نے قومی یومِ اقلیت کے موقع پر کہاہے کہ پاکستان کا قیام صرف ایک طبقے یا برادری کی قربانیوں کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ ہر اس شخص کی جدوجہد کا ثمر ہے جو ایک آزاد، خودمختار اور مساوات پر مبنی وطن کا خواب دیکھتا تھا۔ مسیحی برادری نے اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنا خون، اپنی محنت اور اپنی صلاحیتیں پیش کیں۔

ستیہ پرکاش سنگھا جیسے عظیم رہنماو?ں نے پاکستان کے قیام میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور اس وطن کی بنیاد کو مضبوط بنایا۔انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی مسیحی برادری نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ پاکستان کے کونے کونے میں مسیحی ادارے آج بھی اسکول، کالج، یونیورسٹیاں اور اسپتال چلا رہے ہیں جہاں ہر شہری کو بلا امتیاز تعلیم اور علاج فراہم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ وہ خدمت ہے جو قوم سازی کی بنیاد کو مضبوط بناتی ہے اور آنے والی نسلوں کو ایک بہتر مستقبل فراہم کرتی ہے۔نورین عنایت نے مزید کہا کہ قومی یومِ اقلیت ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان سب کا ہے۔یہ دن ہمیں اتحاد، یگانگت اور محبت کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں اکثریت اور اقلیت کے فرق سے اوپر اٹھ کر ایک قوم کی حیثیت سے سوچنا ہوگا تاکہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ترقی، امن اور بھائی چارے کی مثال بن سکے۔