چینی ماہر کی پاکستانی طیارے مار گرانے کے بھارتی دعوے کی تردید

بھارت نے اب تک کوئی ایسا ثبوت پیش نہیں کیا جس سے یہ ثابت ہو کہ اس نے پاکستانی طیارے مار گرائے‘پروفیسر چینگ شی ژانگ

پیر 11 اگست 2025 22:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2025ء)چار ہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر چینگ شی ژانگ نے بھارتی ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ کے آپریشن سندور کے دوران 6 پاکستانی طیارے مار گرانے کے بے بنیاد دعوے کو مسترد کر دیا۔ پروفیسر چینگ شی ژانگ کا کہنا تھا کہ اس طرح کا دعویٰ ثبوت کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے۔ لہٰذا بھارتی ایئر چیف مارشل کا یہ دعویٰ مزاحیہ، ناقابل فہم اور ناقابل یقین ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اب پاک بھارت تنازع کو ختم ہوئے 3 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن بھارت نے اب تک کوئی ایسا ثبوت پیش نہیں کیا جس سے یہ ثابت ہو کہ اس نے پاکستانی طیارے مار گرائے۔اس کے برعکس پاکستان نے تنازع ختم ہونے کے فوراًً بعد بین الاقوامی میڈیا کو تفصیلی تکنیکی رپورٹ فراہم کی تھی۔مزید برآں، عالمی رہنماؤں، سینئر بھارتی سیاست دانوں اور غیر ملکی انٹیلی جنس کے جائزوں سے بھی تصدیق ہوتی ہے کہ اس تنازع کے دوران بھارت کے متعدد طیاروں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔اس طرح یہ واضح ہے کہ بھارت نے کوئی بھی پاکستانی طیارہ نہیں گرایا جبکہ پاکستان نے 6 بھارتی طیارے مار گرائے اور ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کر دیا جو کہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے۔