الخدمت فائونڈیشن اور جائیکا کے اشتراک سے چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کے اساتذہ کیلئے 3روزہ ٹریننگ ورکشاپ

اس ٹریننگ کا مقصد اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے‘سید وقاص جعفری

پیر 11 اگست 2025 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)الخدمت فائونڈیشن پاکستان اور جائیکا کے باہمی اشتراک سے الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کے اساتذہ کے لیے 3روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔جس میں سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر جبران بلوچ، ٹرینر ماریہ ریاض، ٹرینر محمد الیاس سمیت وسطی پنجاب ، جنوبی پنجاب اور لاہور کے چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کے اساتذہ شریک ہوئے۔

سید وقاص جعفری نے کہا کہ تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا اور روایتی تدریسی طریقوں کے بجائے نئے اور تخلیقی انداز اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الخدمت فانڈیشن نے جائیکا جاپان کے اشتراک سے یہ ٹریننگ ورکشاپ منعقد کی۔

(جاری ہے)

تین روزہ تربیت کے دوران اساتذہ نے بچوں کو سرگرمیوں کے ذریعے کھیل کھیل میں تعلیم دینے کے جدید طریقے سیکھے، جس سے طلبہ میں سیکھنے کے رجحان میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت پاکستان میں دو کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ اس صورتحال میں الخدمت فائونڈیشن خاص طور پر ان بچوں کو ہدف بنا رہی ہے جو ورکشاپس، ہوٹلوں میں کام کرتے ہیں یا کچرا چن کراپنے گھر کا خرچ اٹھاتے ہیں۔ ایسے بچوں کے لیے الخدمت نے ملک بھر میں 64چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز قائم کیے ہیں جن میں 2,254بچے زیرتعلیم ہیں، جبکہ ان میں سے 416بچے باقاعدہ اسکولوں میں داخل ہوچکے ہیں۔

چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز میں زیرتعلیم بچوں کو کتب، سکول بیگ اور جوتے فراہم کیے جاتے ہیں، سردیوں میں گرم جیکٹس اور کمبل دیے جاتے ہیں جبکہ سال بھر دوپہر میں ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ سید وقاص جعفری نے مزیدبتایا کہ حکومت پاکستان اور جائیکا کے تعاون سے الخدمت فائونڈیشن کو نان فارمل ایجوکیشن انفارمیشن سسٹم پر رسائی حاصل ہوچکی ہے، جس میں 114اداروں کا ڈیٹا موجود ہے اور اب الخدمت کے تمام چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز اور طلبہ کا ریکارڈ بھی اس سسٹم میں شامل کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر ٹرینرز نے کہا کہ الخدمت فانڈیشن کی اسٹریٹ چلڈرن کے لیے تعلیم کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ان بچوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہوتی ہے، اگر انہیں صحیح سمت دکھا دی جائے تو یہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ بن سکتے ہیں۔