یوم آزادی کے موقع پرپولیس نے سکیورٹی ہائی الرٹ ر ہے گی،ا یس پی پشین

پیر 11 اگست 2025 22:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ا یس پی پشین حلیم اچکزئی نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر امن و امان کی فضاء کو ہر صورت برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے سکیورٹی ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں، مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور اہم عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ شہر بھر میں پٹرولنگ اور نگرانی کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

ایس پی پشین نے کہا کہ ضلع پشین ایک پرامن ضلع ہے اور یہاں کے عوام قانون کی پاسداری کرنے والے اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں اور یہی باہمی اعتماد شہر میں دیرپا امن کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور قانون شکنی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کے دوران کالے شیشے والی گاڑیاں، اسلحے کی غیر قانونی نمائش، منشیات فروشی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خصوصی کریک ڈاون جاری ہے۔ٹریفک صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایس پی پشین حلیم اچکزئی نے بتایا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اب شہر میں ٹریفک جام کی شکایات نہ ہونے کے برابر ہیں اور ٹریفک پولیس شہریوں کو بلا تعطل آمد و رفت کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شہر ہمارا ہے، امن کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے اور پشین پولیس اس مقصد کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔