کراچی، ’’جلوس آزادی‘‘ کے عنوان سے تھیٹر پیش ،تحریکِ آزادی اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش

پیر 11 اگست 2025 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے زیر اہتمام جشنِ آزادی ’’معرکہ حق‘‘ کے موقع پر سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر کراچی میں ’’جلوس آزادی‘‘ کے عنوان سے تھیٹر پیش کیاگیا، جس میں نوجوان اداکاروں نے تحریکِ آزادی اور پاک فوج کی قربانیوں کو اجاگرکیا۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی کے ضلع جنوبی کے این جے وی اسکول میں گرلز تھرو بال ٹورنامنٹ منعقد ہوا، جس میں 6سے زائد اسکولوں کی 60 سے زائد طالبات نے حصہ لیا۔

ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی سی ایس ایس کیمپس ٹیم نے فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کی، این جے وی اسکول دوسری اور سینٹ جوزف اسکول تیسری پوزیشن پر رہا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرید علی نے ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کیں جبکہ ٹورنامنٹ کا آغاز پاکستان زندہ باد کے نعروں اور قومی پرچم لہرا کر ہوا۔

(جاری ہے)

کراچی کے ضلع وسطی میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر حاجرا نواب کی زیر نگرانی سندھ اسپورٹس کلب ناظم آباد میں جیمناسٹک، رولنگ اینڈ اسکیٹنگ، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن مقابلے ہوئے، جن میں 400سے زائد کھلاڑی شریک ہوئے۔

جیمناسٹک میں دانیہ امیر اور داد غلام، اسکیٹنگ میں عالمہ کریم اور لقمان، ٹیبل ٹینس میں حریم انور اور بیڈمنٹن میں ارسلان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سیکرٹری سپورٹس منور علی مہیسر اور پارلیمانی سیکرٹری صائمہ آغا نے میڈلز اور سرٹی فکیٹس تقسیم کیے اور کہا کہ کھیل نوجوانوں کو صحت مند تفریح اور حب الوطنی کا جذبہ فراہم کرتے ہیں۔تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری کھیل اسداسحاق،ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب اللہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران اسماعیل شاہ، محمد عثمان اور سنی پرویز موجود تھے۔