پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے،سہیل احمد رضا

پیر 11 اگست 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے ۔آزادی کے بعد سے لے کر آج تک مسیحی،ہندو،سکھ اور دیگر مذہبی اقلیتوں نے قومی ترقی کے مختلف شعبوں میں اپنی بھر پور خدمات پیش کی ہیں۔ یومِ اقلیت کے موقع پر جاری اپنے بیان میں سہیل احمد رضا نے کہا کہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں غیر مسلم شہریوں کی خدمات ہمیشہ قابل تحسین رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں بھی اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری بین المذاہب رواداری کی مضبوط آواز ہیں،پاکستان اقلیتوں کیلئے مثالی ملک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 11اگست 1947کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی تاریخی تقریر میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی تھی، جو پاکستان کے آئینی اور جمہوری تشخص کا بنیادی ستون ہے۔

ہندو اور مسیحی قائدین نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں جس جرات اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ کا لازوال باب ہے۔سہیل احمد رضا نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان غیر مسلم ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی اور دفاع میں اہم کردار ادا کیا، بالخصوص تعلیم، طب، دفاع اور عدالتی نظام میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان میں ہر شہری کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہونا چاہئیں،تمام لوگ برابری کی بنیاد پر ملک کی خدمت کریں تاکہ ہم سب مل کر ایک مضبوط،خوشحال اور پر امن پاکستان تشکیل دے سکیں۔