پاکستان بزنس فورم لاہور چیپٹر کے زیر اہتمام دو روزہ میرا برانڈ پاکستان ایکسپو کا انعقاد 14 اور 15 اگست کو ہو گا

پیر 11 اگست 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) پاکستان بزنس فورم لاہور چیپٹر، 14اور 15اگست کو لاہور ایکسپو سینٹر میں دو روزہ میرا برانڈ پاکستان ایکسپو منعقد کرے گا جس میں 80پاکستانی کمپنیوں کے 200سے زائد برانڈز اپنی مصنوعات کو 175اسٹالز کے ذریعے نمائش کے لیے پیش کریں گے۔ یہ ایونٹ خالصتا فیملی فیسٹیول ہوگا، جس میں خواتین، بچے، کاروباری شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کرے گی۔

یہ اعلان سینئر وائس پریزیڈنٹ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر خالد عثمان، پاکستان بزنس فورم لاہور کے صدر محمد اعجاز تنویر، عبدالاود علوی اور دیگر رہنماں نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور وطن سے اپنی محبت کے اظہار کا ایک عملی قدم ہے۔

(جاری ہے)

رہنماوں نے کہا کہ ملک کی 44فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، جبکہ ریاست قرضوں کے سہارے چل رہی ہے۔

غربت، افلاس، قرضوں کے بوجھ اور کمزور گورننس سے نکلنے کا واحد راستہ مشترکہ طور پر معاشی ترقی کی تحریک شروع کرنا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالا جا سکے۔ایکسپو کی سرگرمیوں کے حوالے سے محمد اعجاز تنویر نے بتایا کہ 400سے زائد ہیوی بائیک رائیڈرز کا قافلہ مینارِ پاکستان سے روانہ ہوگا تاکہ "میڈ اِن پاکستان" مصنوعات کو فروغ دیا جا سکے۔

اس ایونٹ میں ڈیڑھ سے دو لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ برانڈ اسٹالز کے ساتھ ساتھ کئی سائیڈ لائن پروگرامز بھی ہوں گے۔خواتین (جو ملک کی 54 فیصد آبادی ہیں) کے لیے خصوصی ویمن ایمپاورمنٹ پروگرامز، ککنگ اور بیکنگ مقابلے اور لاکھوں روپے کے انعامات کا اہتمام ہوگا۔ نوجوان انٹرپرینیورز کے لیے بزنس آئیڈیاز اور اسٹارٹ اپس کے مقابلے، اور ایک ملین روپے کا بلاسود مائیکروفنانس لون پروگرام شروع کیا جائے گا۔

"میرا برانڈ پاکستان" نالج اینڈ لرننگ لانج میں 50 شعبوں کے انٹرپرینیورز کے ساتھ یوتھ میٹ اپ، بچوں کے لیے کڈز انٹرپرینیور اسٹالز، حلال فوڈ پاکستان کانفرنس اور لیڈز یونیورسٹی کے تعاون سے انڈسٹریاکیڈمیا رانڈ ٹیبل بھی منعقد ہوگی۔مزید برآں ایک خصوصی انٹرپرینیورز کانٹرنئے برانڈز لانچ کرنے والوں کو رہنمائی اور سرکاری اداروں سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔لاہور کے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے خاندانوں کے ہمراہ ایکسپو میں شریک ہوں اور ملکی صنعت و برانڈز کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر شرکا کو لاکھوں روپے کے انعامات، رعایتی خریداری اور مفت تحائف دئیے جائیں گے۔