آصفہ بھٹو زرداری نے بچوں کی صحت کے تحفظ اور ماؤں کو بااختیار بنانے سے متعلق تاریخی مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دیئے

منگل 12 اگست 2025 00:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بچوں کی صحت کے تحفظ اور ماؤں کو بااختیار بنانے سے متعلق تاریخی مشترکہ اعلامیے پر دستخط کردئیے۔ جار ی اعلامیہ کے مطابق بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ سندھ کی صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو سمیت اراکین پارلیمان نے ماں کے دودھ پلانے سے متعلق اعلامئیے پر دستخط کئے۔

اعلامیہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز میں یونیسف اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے زیرِاہتمام منعقدہ پارلیمنٹرین ایڈووکیسی فورم کے دوران منظور کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق ماں کے دودھ پلانے کو صحت اور ترقی میں قومی سرمایہ کاری کے طور پر تسلیم کیا جائے گا، ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ کو ریگولیٹ کرنے والے قوانین پر عملدرآمد اور ماں کے دودھ پلانے کو صحت کے نظام میں شامل کیا جائے، ماؤں کے لیے کام کی جگہ پر بہتر تحفظات فراہم کرنے اور ثقافتی رویوں میں تبدیلی کے لیے کمیونٹی کی شمولیت بڑھائی جائے۔

(جاری ہے)

تقریب میں یونیسف کی نمائندہ پرنیلے آئرن سائیڈ، ڈپٹی نمائندہ شرمیلا رسول، سیکریٹری ویمن پارلیمنٹری کاکس شاہدہ رحمانی ،یونیسف کے چیف نیوٹریشن ڈاکٹر آنتنے گِرما، جینڈر اینڈ ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ فہمیدہ خان، ای سی ڈی مینیجر ڈاکٹر صبا شجاع اور نیوٹریشن اسپیشلسٹ ڈاکٹر مظہر بھیموجود تھے