مسئلہ فلسطین کی عالمی حمایت کے لئے سعودی قیادت کا موقف قابل تعریف ہے،فلسطینی صدر

منگل 12 اگست 2025 10:00

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کی عالمی حمایت کے لئے سعودی قیادت کا موقف قابل تعریف ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات انہوں نے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہی۔ انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں سعودی عرب کی قابل فخر کوششوں اور ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے اس موقف کی تعریف کی جس نے کئی ممالک کو ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے نیویارک کانفرنس میں مسئلہ فلسطین کے لئے وسیع ترین بین الاقوامی حمایت کو یقینی بنانے کے لئے سعودی قیادت کی کوششوں اور فلسطینیوں اور ان کے منصفانہ مقصد کے ساتھ کھڑے ہونے کے لئے ان کے مضبوط موقف اور کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

فلسطینی صدر اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فونک رابطے میں غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی حملوں کے غزہ کی سکیورٹی اور انسانیت پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد نے ایک بار پھر اپنی ریاست کی طرف سے فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والے اسرائیلی وحشیانہ جرائم، کارروائیوں اور جبری نقل مکانی کی کوششوں کی مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی حملے کے تباہ کن نتائج کو ختم کرے اور شہریوں کی حفاظت کرے۔