بھارت جیل میں قید کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں پھانسی دینے کی تیاریاں کررہا ہے،مشعال ملک

منگل 12 اگست 2025 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت جیل میں قید کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں پھانسی دینے کی تیاریاں کررہا ہے،یاسین ملک پوری دنیا میں آزادی اور امن کی علامت ہیں۔ یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 10 نومبر کو مقدمے کی اہم سماعت ہونے جا رہی ہے اور اس سے پہلے ہی عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی پکار بلند ہو چکی ہے۔

کشمیر کی جدوجہد ایک نئے موڑ پر ہے اور دنیا کی نظریں اب اس فیصلے پر جمی ہیں،یاسین ملک آخری دم تک کشمیریوں کی آزادی کا پرچم تھامے ہوئے ہیں،کشمیر امن کی کنجی ہونے کے ساتھ ساتھ جنگ کا فلیش پوائنٹ ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ ظلم جتنا بڑھے گا کشمیریوں کا حوصلہ اتنا ہی بلند ہوگا، کشمیر کا بچہ بچہ یاسین ملک کی جدوجہد کا امین ہے، دنیا کی نظریں کشمیر پر ہیں اور ایک غلط قدم عالمی بحران کو جنم دے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو سزا امن کی امیدوں پر وار ہے،کشمیر کی فضاؤں میں آج بھی آزادی کا نعرہ گونجتا ہے مشعال ملک نے کہا کہ حق کی فتح ہوگی، ظلم ہارے گا ،تاریخ گواہ بنے گی،یاسین ملک کو پھانسی دینے کا بھارتی منصوبہ آشکار ہوچکا ہے، یاسین ملک امن کی علامت، کشمیر کی آواز دبانے کی کوشش ناکام ہوگی۔مشعال ملک نے کہا کہ 10 نومبر کی سماعت سے پہلے کشمیر کی آزادی کا نیا موڑ ہے،یاسین ملک کی جان خطرے میں ہے اور دنیا کی نظریں بھارتی فیصلے پر ہیں۔