یوم ِ آزادی، چہلم حضرت امام حسین اور عرس حضرت علی ہجویری کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں،سی سی پی او لاہور

منگل 12 اگست 2025 11:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ یوم ِ آزادی، چہلم حضرت امام حسین اور عرس حضرت علی ہجویری کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں،اس حوالے سے سرچ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔منگل کو جاری بیان میں سی سی پی او نے بتایا کہ گزشتہ 10روز میں 273سرچ آپریشنزکئے گئے، دوران سرچ آپریشنز7722گھروں،3616کرایہ داروں اور24327اشخاص کی چیکنگ کی گئی،قانون شکنی پر107افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال7549سرچ آپریشنزکئے،266431گھروں،113872کرایہ داروں اور840202افرادکی چیکنگ کی گئی،سال بھر میں 4368افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، کرایہ داری ایکٹ کے تحت443افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی،سرچ آپریشنز میں 1156اشتہاری مجرمان گرفتارہوئے،850 منشیات کے مقدمات درج کئے گئے۔

(جاری ہے)

ضابطہ فوجداری 55/109 کے تحت88افراد زیر ِ حراست میں لیا گیا ۔

ناجائز اسلحہ کے652اور شراب نوشی کے493مقدمات درج کئے گئے۔479ہوٹلوں،285گیسٹ ہاوسزاور192ہوسٹلزکا ریکارڈ چیک کیا گیا۔ 125فیکٹریوں اور11038دکانوں کے ریکارڈ کی پڑتال کی گئی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے الرٹ ہے، ڈولفن و پی آر یو سکواڈ شہر بھر میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں،داخلی و خارجی راستوں پر آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جائے،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھر پور استفادہ کیا جائے،ناکوں پر مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں،شہری پر امن لاہور کے لئے پولیس سے بھر پورتعاون کریں۔