پاکستان کا امریکہ کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کوبطور غیرملکی دہشت گرد تنظیمیں قراردینے کے فیصلے کا خیرمقدم

منگل 12 اگست 2025 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) پاکستان نے امریکہ کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے )اور مجید بریگیڈ کوبطور غیرملکی دہشت گرد تنظیمیں قراردینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کا اتحادی قرار دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان نے 18 جولائی 2024 سے مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

بی ایل اے /مجید بریگیڈ پاکستان میں متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث ہیں جن میں جعفر ایکسپریس پر گھنائونا دہشتگرد حملہ اور خضدار بس حملہ بھی شامل ہیں جن کے نتیجہ میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم ہے، ہماری قربانیوں نے نہ صرف ملک بلکہ علاقائی استحکام اور عالمی سلامتی کےلئے انسداد دہشتگردی کے حوالے سے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور ہر طرح کی دہشتگردی کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہے، ہم اس مشترکہ چیلنج پر قابو پانے کےلئے بھی پرعزم ہیں۔