مدنی مسجد اور مدرسہ کی منتقلی مہتمم کی مشاورت اور نگرانی میں ہوئی،انہیں چار کروڑ روپے کی لاگت سے جدید عمارت تعمیر کرکے دی گئی ،وزیر مملکت برائے داخلہ کا قومی اسمبلی میں جواب

منگل 12 اگست 2025 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مدنی مسجد اور مدرسہ کی منتقلی کا تمام آپریشن مہتمم کی مشاورت اور نگرانی میں ہوا،انہیں چار کروڑ روپے کی لاگت سے جدید عمارت تعمیر کرکے دی گئی جس کی اس وقت مالیت 15 کروڑ روپے تک ہے،جمیعت علماء اسلام نے اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کیا جو قابل تعریف ہے،50 سے زائد مساجد کے خلاف آپریشن کی باتیں درست نہیں ہیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں جمیعت علمائے اسلام کے سینئر رکن عبدالغفور حیدری نے نکتہ اعتراض پر مدنی مسجد کے گرائے جانے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت برائے داخلہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے دو مرتبہ ہم سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

متعلقہ وزیر کو اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے غلط بریف کیاگیا۔مدرسہ کو منتقل کیاگیا لیکن متعلقہ مولوی اس بات پر رضا مند نہیں تھے کہ مسجد کو گرایا جائے۔

مسجد ایک مرتبہ تعمیر ہو جائے تو وہ قیامت تک نہیں گرائی جاسکتی۔اسلامی ریاست میں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔متعلقہ وزیر نے باہمی افہام وتفہیم سے اس حل کے لئے 48 گھنٹے کا وقت لیا۔اس وقت یہ مسئلہ ہم حل کرسکتے ہیں اس میں طوالت سے لال مسجد جیسا معاملہ ہوسکتا ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اس کے جواب میں کہا کہ مولانا کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس معاملہ میں جید علماء کا کردار ادا کیا۔

مری روڈ پر مدرسہ و مسجد بنائی گئی تھی،یہ بات خلاف حقائق ہے کہ راتوں رات یہ آپریشن کیاگیا۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال جنوری سے مدرسہ کے مہتمم سے رابطہ کرکے ان کی مرضی کی جگہ پر 4 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سکولز کی طرز پر مدرسہ کی عمارت بنائی گئی جو جولائی میں مکمل ہوئی وہ اپنی ضرورت کی تمام اشیاء ساتھ لے گئے۔ ان کی نگرانی میں مدرسہ و مسجد کا انہدام کیاگیا۔

ہمارے لئے دونوں مقدم ہیں۔مسجد و مدرسہ کا تقدس مدنظر رکھاگیا۔اس کے بعد یہ کہا گیا کہ 50 کے قریب مساجد کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ ایسا کوئی اقدام زیر غور نہیں۔اگر کہیں گرین بیلٹ یا راستے میں کوئی تعمیر ہے تو مشاورت سے فیصلہ ہوگا۔ہم نے ہر قدم مشاورت سے اٹھایا یہ بات درست نہیں کہ تمام علماء سے اپیل ہے کہ سنی سنائی باتوں پر یقین کرنے کی بجائے ہمارے ساتھ رابطہ کریں۔انہوں نے کہا کہ جے یوآئی نے اس مسئلہ پر مثبت کردار ادا کیا۔آئندہ بھی اسی رویئے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ نیا تعمیر شدہ مدرسہ 15 کروڑ روپے مالیت کا ہے۔