پاک فوج اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تعاون سے چولستان میں دیسی صحرائی پودوں کی اقسام کی فضائی اور دستی بکھیر کا انعقاد

منگل 12 اگست 2025 17:15

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ہوبارہ فاؤنڈیشن انٹرنیشنل پاکستان نے پاک فوج اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تعاون سے چولستان میں دیسی صحرائی پودوں کی اقسام بیری، کیکر، جنڈ، پیلو، لٹھیا، پھل، دماسہ، کریر، دھامن، سیون وغیرہ کی فضائی اور دستی بکھیر کا کامیابی سے انعقاد کیا ہے۔ یہ سالانہ اقدام خطے کے انحطاط پذیر قدرتی ماحول کو بحال کرنے اور اسے تقویت دینے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے تاکہ خطہ چولستان کے منفرد اور متنوع حیوانات اور نباتات کو بچایا جا سکے ۔

یہ سرگرمی چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزرٹ اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پوراور ہوبارہ فاؤنڈیشن انٹرنیشنل پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے فریم ورک کے تحت کی گئی۔

(جاری ہے)

چولستانی حیاتیاتی تحفظ کے لیے یہ شراکت داری صحرا میں حیاتیاتی تنوع کی تلاش، تحفظ اور بحالی کے لیے گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے ۔ چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزرٹ اسٹڈیز اور ہوبارہ فاؤنڈیشن انٹرنیشنل پاکستانی مقامی پودوں کی انواع سے بیج اکٹھا کرنے میں سال بھر سرگرم عمل رہتے ہیں۔

ان میں صحرائی پودوں کی نرسریوں کا قیام، تحقیقی معاونت، اور مختلف صحرائی مقامات پر بڑے پیمانے پر بیج بکھیرنا جیسی سرگرمیاں شامل ہیں ۔ بیجوں کی یہ بکھیر یقینی طور پر مقامی صحرائی پودوں، جنگلی حیات اور مویشیوں کی خوراک کو بحال کرے گی اور مقامی کمیونٹی اور اس خطے کی سماجی اقتصادی کو فروغ دے گی۔ ڈائریکٹر چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزرٹ سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر محمد عبداللہ نے اس سرگرمی میں حصہ لیا اور ہوبارہ فاؤنڈیشن انٹرنیشنل پاکستان اور پاک فوج کی ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کو سراہا۔

ہوبارہ فاؤنڈیشن انٹرنیشنل پاکستان کے نمائندے میجر (ر) طاہر مجید نے صحرائے چولستان کے ماحولیاتی توازن اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور اور پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرنمنٹ نے فطرت کے تحفظ اور بحالی کے لیے ایسے فیلڈ بیسڈ پریزرویشن اقدام کو سراہا ہے۔