چیئرمین لیاری ٹاؤن ناصر کریم نے ٹاؤن کے وائس چیئرمین اقبال ہنگورو کے دفتر کو تالے لگوادیئے

پارٹی کی اعلی قیادت چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور ادی فریال ٹالپورمعاملے کا نوٹس لیں ،یوسی وائس چیئرمین رحمن شاہ

منگل 12 اگست 2025 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) لیاری میں کرپشن کیخلاف آواز اٹھانے پر لیاری ٹاؤن میں ایک اور بڑی خبر سامنے آگئی، چیئرمین ناصر کریم نے ٹاؤن کے وائس چیئرمین اقبال ہنگورو کے دفتر کو تالے لگوادیئے، ذرائع کے مطابق ٹانؤ میں ناصر کریم نے اپنی ہی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک فیاض کے ساتھ کچھ دن قبل ایک اہم موضوع پر بات چیت ہورہی تھی اور جب کرپشن کی بات آئی تو ٹاؤن چیئرمین ایک بار پھر آپے سے باہر ہوگئے، ٹاؤن چیئرمین نے ان کو بھی اپنے دفتر سے انتہائی غیر مناسب رویئے سے باہر نکلوادیا۔

ذرائع کے مطابق ٹاؤن چیئرمین کیخلاف ٹاؤن اور پارٹی کے اندر آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔ اس ضمن میں لیاری ٹاؤن کے بہار کالونی سے منتخب وائس چیئرمین رحمان شاہ نے اپنے ایک بیان میں اس حوالے سے کہا ہے کہ ٹاؤن کے وائس چیئرمین اقبال ہنگورو کے دفتر جو کہ ٹاؤن کے فرسٹ فلور پر واقع ہے کو ٹاؤن کے چیئرمین ناصرکریم نے تالے لگوا دیئے اور اسٹاف کو بھی اپنے پاس بلالیا، جمہوریت میں اس طرح کا رویہ افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف جمہوریت کی بلکہ پی پی پی کے ان لوگوں کی قربانیوں کی بھی توہین ہے جنہوں نے جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی جیسی جمہوری جماعت میں آمرانہ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن وائس چیئرمین اقبال ہنگورو سمیت تقریبا تمام یوسیز کے وائس چیئرمینز ٹاون میں ہونے والی کروڑوں روپے کی کرپشن کیخلاف آواز اٹھا رہے ہیں جس کی سزا اب اس طرح غیر جمہوری رویئے سے دی جارہی ہے۔

رحمان شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ان سمیت تقریبا تمام وائس چیئرمین ٹاؤن چیئرمین ناصر کریم کے اس رویئے کیساتھ مزید نہیں چل سکتے اور پارٹی کی اعلی قیادت چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور ادی فریال ٹالپور سے اپیل کی کہ وہ ٹاؤن میں کرپشن اور اس آمرانہ رویئے کیخلاف فوری ایکشن لیں۔