دانشمندانہ طرز حکمرانی سے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پا یا جا سکتا ہے، صدر آئی سی سی آئی

منگل 12 اگست 2025 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لئے مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنا، غیر ملکی شراکت داری کو مضبوط بنانا اور جامع اقتصادی پالیسیوں پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔منگل کے روز چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق خطے کے معروف تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر صرف دانشمندانہ طرز حکمرانی اور مستقل پالیسی پر عملدرآمد کے ذریعے ہی قابو پایا جا سکتا ہے کہ جس کا واحد مقصد دیرپا ترقی حاصل کرنا ہو ۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری چیلنجوں سےنمٹنے، برآمدات کی نمو کو تیز کرنے اور ویلیو ایڈڈ صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کے لئے ریگولیٹری اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مستحکم پالیسیوں اور قابل اعتماد تنازعات کے حل کے طریقہ کار کے ذریعے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے پیداواری صلاحیت اور مسابقت کو بڑھانے کے لئے جدید تعلیم اور مارکیٹ پر مبنی پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہم اداروں کو مضبوط کرنا، پالیسی کے تسلسل کو یقینی بنانا اور معاشی فیصلہ سازی اولین قومی ترجیحات ہونی چاہئیں۔انہوں نے غیر ٹیکس والے شعبوں کو رسمی معیشت میں ضم کرکے، نظام کو مزید مساوی بنانے، اور مالیاتی استحکام کو یقینی بنا کر ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے پر زور دیا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے بھی کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔