حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس ،ریلوے ورکشاپس کی حالت بہتر بنانے ، فالتو سکریپ کی جلد نیلامی کی ہدایت

منگل 12 اگست 2025 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت وزارت ریلوے میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلوے کے مختلف انتظامی، آپریشنل اور فنی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میںوزیر ریلوے حنیف عباسی نے موسیٰ پاک اور عوام ایکسپریس کے واقعہ پر سخت سرزنش کرتے ہوئے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا۔

انہوں نے غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا حکم دیا۔ وزیر ریلوے نے ڈرائیورز اور عملے کی فوری تربیت کا حکم دیتے ہوئے ریلوے ٹریک اور سگنل سسٹم کا ہنگامی معائنہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے نے واضح پیغام دیا کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، ریلوے کے تمام چھوٹے بڑے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے ریلوے ورکشاپس کی حالت بہتر بنانے اور فالتو سکریپ کی جلد نیلامی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریلوے لائن کے ساتھ نکاسی آب کے مسائل حل کئے جائیں اور ٹرینوں میں بیت الخلا ء کی صفائی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ٹرینوں کے لاکس کی جانچ پڑتال اور فائر ایکسٹنگوشرز کی موجودگی لازم قراردی جائے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہر ڈویژن میں باقاعدہ معائنہ لازمی قرار دیا جائے۔ انہوں نے افسران کو دفتر میں بیٹھ کر رپورٹیں بنانے کے بجائے فیلڈ میں جانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریک اور ٹرینوں کی حفاظت میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کی ہفتہ وار رپورٹ لازمی بھجوائی جائے، ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس میں لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :