ہنگو ،پولیس ،سی ٹی ڈی کا دہشت گردوں کیخلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن ،علاقوں کو کلیئر کردیا

منگل 12 اگست 2025 19:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)ضلع ہنگو کے ملحقہ علاقوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرکے علاقوں کو کلیئر کردیا ۔پولیس کے مطابق فتنہ الخوارج دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر ضلع ہنگو کے علاقہ انارچینہ، توغ چھپر اور ضلع کرک کے سرحدی علاقوں میں پولیس، البرق کمانڈوز، ایلیٹ فورس، آر آر ایف، سی ٹی ڈی اور ڈی ایس بی کے جوانوں نے بھرپور اور جارحانہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔

یہ آپریشن ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایات پر قائم مقام ڈی پی او ہنگو عبدالصمد کی قیادت میں کیا گیا جس میںڈی ایس پی ٹل مجاہد خان، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد دیار خان اور ایس ایچ او دوابہ عمران الدین خان سمیت پولیس کے دلیر جوانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران ڈرون کیمروں سے فضائی نگرانی کرتے ہوئے اے پی سی اور جدید ہیوی مشین گنز سے لیس پولیس فورس نے علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا۔

دوران آپریشن متعدد مشکوک گھروں کی تلاشی لی گئی جس میں اشتہاری مجرم ہدایت عرف ہدایاتو کے گھر کی چھت پر موجود مورچہ نما باؤنڈری وال کو مسمار کر دیا گیا تاکہ اسے کسی بھی ناخوشگوار کارروائی کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔چیغہ پارٹی کے معزز مشران نے بھی آپریشن میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرا ئی۔اس دوران ہنگو پولیس نے 2 عدد کلاشنکوف، 4 عدد پستول، 1 عدد شاٹ گن برآمد کر کے 2 اشتہاری مجرمان سمیت 10 نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

متعلقہ عنوان :