سیالکوٹ،یومِ آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں، شہر سبز و سفید روشنیوں سے جگمگا اُٹھا

منگل 12 اگست 2025 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سیالکوٹ میں جشنِ آزادی کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں، شہر بھر کی اہم سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے روشن کر دیا گیا ہے۔ سرکاری دفاتر، یادگاروں اور تاریخی عمارتوں پر سبز و سفید برقی قمقموں کا دلکش چراغاں کیا گیا ہے، جو رات کے وقت ایک حسین منظر پیش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جشنِ آزادی کی تقریبات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں سجاوٹ، ثقافتی پروگرام، قومی ترانے کی تقاریب اور بچوں کے مابین تقریری مقابلے شامل ہیں۔ سیالکوٹ کی مرکزی سڑکوں، چوراہوں اور تجارتی مراکز کو بھی قومی پرچم، جھنڈیوں اور روشنیوں سے مزین کر دیا گیا ہے۔عوام کی بڑی تعداد نے گھروں، دکانوں اور گاڑیوں پر قومی پرچم لگا رکھے ہیں، جبکہ بچوں اور نوجوانوں میں قومی جوش و جذبہ قابل دید ہے۔ مختلف تعلیمی اداروں میں بھی یومِ آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں طلبا و طالبات بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔