پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ائیر انڈیا دہلی تا واشنگٹن سروس بند کرنے پر مجبور

منگل 12 اگست 2025 21:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) پاکستانی فضائی حدود کی بندش بھارت پر بھاری پڑ گئی ہے اور ایئر انڈیادہلی تا واشنگٹن سروس بند کرنے پر مجبور ہوگئی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مئی 2025کی بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے جوابی اقدامات نے بھارت کی ایئرلائن کو آپریشنل بحران میں دھکیل دیا ہے۔ بھارتی اخبار'' انڈین ایکسپریس'' کے مطابق ایئر انڈیا نے یکم ستمبر سے دہلی تا واشنگٹن نان اسٹاپ پرواز معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

معطلی کی وجہ بوئنگ 787طیاروں کی محدود دستیابی اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش ہے۔ پاکستانی فضائی حدود کی بندش بھارتی ایئرلائنز کی طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ پاکستانی بندش سے پروازوں کا راستہ طویل اور آپریشنل پیچیدگیاں بڑھ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے شمالی بھارت سے مغرب جانے والی بین الاقوامی پروازوں کا دورانیہ بڑھا دیا ہے۔

پروازوں کے شیڈول کے اعداد و شمار کے مطابق روٹ آئندہ سال کے کافی عرصے تک بند رہ سکتا ہے۔پاکستانی فضائی حدودکی بندش کے بعد بھارت پاکستانی فضائی حدود پر انحصار تسلیم کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ مودی حکومت کی سفارتی تنہائی نے بھارت کے ہوائی راستے محدود کر کے ایئر انڈیا کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ مودی حکومت کی نااہلی کے باعث بھارت کو عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مودی کی متکبرانہ پالیسی نے بھارتی فضائی صنعت کو عالمی سطح پر مشکلات میں دھکیل دیا ہے۔