اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ میں قبضے کی مدت کم کرنے کا اعلان، جزوی معاہدہ مسترد

بدھ 13 اگست 2025 11:00

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ جزوی سیز فائر معاہدے کے ذریعے قیدیوں کی رہائی کی کسی پیشکش کو قبول نہیں کریں گے۔العربیہ اردو کے مطابق ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس حوالے سے دی گئی تجاویز اب ماضی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک جامع معاہدے کی طرف بڑھ رہے ہیں جو تمام قیدیوں کی مکمل رہائی کو یقینی بنائے گا اور اس کی تمام شرائط اسرائیل طے کرے گا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے غزہ شہر پر قبضے کی مدت کم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی کوششیں کی گئیں لیکن دشمن کی جانب سے دھوکہ دہی سامنے آئی ۔انہوں نے جزوی معاہدے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس میں صرف چند زندہ قیدی اور چند لاشیں واپس لانے کی بات تھی، جو قبول نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل غزہ کے شہریوں کو علاقے سے نکلنے کی اجازت دے گا اگر وہ چاہیں۔

اس حوالے سے اسرائیل مختلف ممالک سے بات چیت کر رہا ہے تاکہ غزہ کے لوگوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا جا سکے، تاہم انہوں نے کسی ملک کا نام ظاہر نہیں کیا۔یہ بیان اس وقت آیا ہے جب مصر نے غزہ میں 60 دنوں کے لیے قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کی کوششوں کا اعلان کیا ہے۔اس سے قبل اسرائیل کی چھ رکنی سکیورٹی کابینہ نے پورے غزہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی منظوری دی تھی، جس پر عرب ممالک اور عالمی برادری کی جانب سے سخت مذمت کی گئی ہے۔