معاشی ترقی میں خواتین کا مضبوط کردار میرا مشن ہے، ثمینہ فاضل

بدھ 13 اگست 2025 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) اسلام آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی و صدرثمینہ فاضل نے کہا ہے کہ معاشی ترقی میں خواتین کا مضبوط کردار میرا مشن ہے، پاکستان تب ترقی کرے گا جب ہم سب مل کر معیشت کو مستحکم بنائیں گے۔ ہیروز آف پاکستان کے حوالے سے’’ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ ‘‘سیریز میں گفتگو کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنی لازوال داستان بیان کی ہے۔

ثمینہ فاضل نے اپنے داستان بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں فیشن ڈیزائنر اور پاکستان کی پہلی خواتین ہاکی ٹیم کی رکن بھی رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کم عمری سے ہی کاروبار کا شوق تھا ، فارغ وقت میں بچیوں کیلئے لباس بناتی تھی جو میشا کلیکشن کی بنیاد بنی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے پہلی گارمنٹس فیکٹری 1989 میں لگائی اور 1990 میں راولپنڈی و اسلام آباد کا پہلا خواتین بوتیک قائم کیا۔

ثمینہ فاضل نے بتایا کہ بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کو گھر بیٹھے روزگار دیا اور مردوں کے برابر معاوضہ بھی فراہم کیا۔ ثمینہ فاضل نے کہا کہ خواتین کیلئے الگ چیمبر کی جدوجہد کی اور 2009 میں اس کا لائسنس حاصل کیا، چیمبر کے ذریعے خواتین کی تربیت، کاروباری آگاہی اور مارکیٹ تک رسائی ممکن بنائی، پورے ملک میں نمائشوں کے انعقاد سے خواتین کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کا موقع دیا، 2010 کے بعد خواتین کے وفدکو یورپ، آسٹریلیا سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے دورے بھی کرائے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر کی خواتین آج پیٹرول پمپس، فارما کمپنیز اور ٹریول ایجنسیاں کامیابی سے چلا رہی ہیں، دیہی خواتین کو براہِ راست نمائش میں موقع دے کر مڈل مین کا کردار ختم کیا اور ملتان، سکھر اور دیگر شہروں میں سینکڑوں خواتین کو تربیت کی فراہمی سے خود کفیل بھی بنایا۔ ثمینہ فاضل نے کہا کہ میرا مشن ہے کہ خواتین کا کردار معاشی ترقی میں مزید مستحکم ہو، پاکستان تب ہی ترقی کرے گا جب ہم سب مل کر معیشت کو مضبوط بنائیں گے۔