سيبس یونیورسٹی کے طلبہ کا یومِ آزادی اور قومی کامیابیوں کی خوشی میں سر کاؤسجی جہانگیر انسٹیٹیوٹ آف سائیکاٹری حیدرآباد کا دورہ

بدھ 13 اگست 2025 16:58

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) پاکستان کے یومِ آزادی اور حالیہ آپریشن بنیان المرصوص، معرکۂ حق کی کامیابی کی خوشی میں، شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز، جامشورو کے طلبہ کے وفد نے سر کاؤسجی جہانگیر انسٹیٹیوٹ آف سائیکاٹری، حیدرآباد کا دورہ کیا۔ فوکل پرسن کاشف شہزاد کی قیادت میں طلبہ نے زیرِ علاج مریضوں کے ساتھ مختلف تخلیقی اور دو طرفہ سرگرمیوں میں حصہ لیا جن کا مقصد ذہنی صحت کے فروغ اور سماجی شمولیت کو اجاگر کرنا تھا،طلبہ نے مریضوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کیں اور قومی کامیابیوں کی خوشی ان کے ساتھ مل کر منائی۔

سيبس یونیورسٹی جامشورو کی وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے بھی ادارے کا خصوصی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے زیرِ علاج افراد سے ملاقات کی، ان سے بات چیت کی اور اس مثبت اقدام کو سراہا۔ انہوں نے ہمدردی، قومی فخر، سماجی شراکت اور نوجوانوں میں ذہنی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر بھٹو نے سر کواسجی جہانگیر انسٹی ٹیوٹ آف سائیکاٹری کے ڈاکٹروں اور انتظامیہ کے ساتھ مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے انہیں پیشکش کی کہ وہ سيبس یونیورسٹی کے ماہر آرکیٹیکٹس کے ذریعے انسٹیٹیوٹ کے احاطے میں متعدد تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور تحفظ کے منصوبے تیار کریں۔ وائس چانسلر نے انہیں سيبس یونیورسٹی کے فائن آرٹ اور کمیونیکیشن ڈیزائن کے ماہرین کے تیار کردہ مختلف ڈیجیٹل بحالی کے منصوبے متعارف کرانے کی پیشکش بھی کی۔ سيبس یونیورسٹی جامشورو اور سر کواسجی جہانگیر انسٹی ٹیوٹ آف سائیکاٹری حیدرآباد نے مستقبل قریب میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کرنے اور دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔