اسرائیل غزہ میں قحط روکنے کے لیے اقدامات کرے، یورپی یونین، برطانیہ و جاپان کا مطالبہ

بدھ 13 اگست 2025 16:58

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) یورپی یونین، برطانیہ اور جاپان نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں قحط روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔العربیہ کے مطابق انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں انسانی مشکلات اس سطح پر پہنچ گئی ہیں جو ناقابل تصور ہیں۔ قحط ہمارے سامنے رونما ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے مشترکہ بیان میں یورپی یونین، برطانیہ اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے اس امر کا اظہار 24 ملکوں کے فورم کی طرف سے کیا جس میں کینیڈا اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں اور کہا کہ غزہ میں فوری اور ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ بھوک و قحط کو روکا جا سکے۔

اقوام متحدہ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ قحط پھیل رہا ہے جبکہ بین الاقوامی ادارے اور تنظیمیں غزہ میں انسانی بنیادوں پر پہنچائی جانے والی اشیائے خوردونوش کے اسرائیل کی طرف سے روکے جانے کی مذمت کر رہی ہیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں کو غزہ میں خوراک لانے کی اجازت دی اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کرے۔یورپی یونین کے 17 ممالک نے ایک متشرکہ بیان پر دستخط کیے ہیں جن میں فرانس اور ہالینڈ بھی شامل ہیں۔