حکومت کا مظاہروں کو روکنے کیلئے کتے اور گھوڑے خریدنے کا فیصلہ

کتے اور گھوڑے کے بچے خرید کر ماہر ٹرینر سے تربیت کرائی جائے گی، احتجاجوں اور دھرنوں کے دوران صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے گھوڑوں اور کتوں کا استعمال کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 اگست 2025 15:36

حکومت کا مظاہروں کو روکنے کیلئے کتے اور گھوڑے خریدنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2025ء ) حکومت نے ملک میں کسی بھی قسم کے دھرنوں اور مظاہروں کو روکنے کے لیے کتے اور نسلی گھوڑے خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے جانے والی رائٹ مینجمنٹ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت رائٹ مینجمنٹ پولیس کے لیے اعلیٰ نسل کے گھوڑے اور کتے خریدے جائیں گے، پر تشدد احتجاج پر قابو پانے کے لئے 2 واٹرکینن اور1 آرمڈ وہیکل بھی خریدی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ بیلجیم میلا نائے نسل کے 8 کتے 50 لاکھ میں خریدے جائیں گے، 6 اچھی نسل کے گھوڑے پچاس لاکھ مالیت سے خریدے جائیں گے، کتے اور گھوڑے کے بچے خرید کر ماہر ٹرینر سے تربیت کرائی جائے گی، احتجاجوں اور دھرنوں کے دوران صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے گھوڑوں اور کتوں کا استعمال کیا جائے گا، لاہور اور راولپنڈی کے لئے رائٹ مینجمنٹ پولیس 2 واٹر کینن اور1آرمڈ وہیکل خریدے گی، جانوروں اور گاڑیوں کی خریداری کے لیے جلد ہی اشتہار جاری کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت رائٹ مینجمنٹ پولیس کے امور بارے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ریجنز اور اضلاع میں رائٹ مینجمنٹ پولیس کے ہیومن ریسورس، انفراسٹرکچر اور لاجسٹکس امور زیر غور آئے، ایڈیشنل آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس خرم شکور، ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز خان اور اے آئی جی ایڈمن ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اجلاس میں موجود تھے جب کہ تمام آر پی اوز، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس پیز اور ڈی ایس پیز آر ایم پی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ رائٹ مینجمنٹ پولیس لا اینڈ آرڈر یقینی بنانے میں اہم ترین کردار ادا کر رہی ہے۔