پارکس اینڈ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ، حکومت گلگت بلتستان کے زیر اہتمام ٹرافی ہنٹنگ، تقریب تقسیم چیکس

بدھ 13 اگست 2025 17:03

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) پارکس اینڈ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ، حکومت گلگت بلتستان کے زیر اہتمام ٹرافی ہنٹنگ کے تحت حاصل شدہ آمدنی کی تقسیم کی تقریب 2024-25 منعقد ہوئی، جس میں مختلف کمیونٹیز کو چیکس تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا تھے، جبکہ سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات و پارکس عبد الوحید شاہ، چیف کنزرویٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، اور محمود غزنوی سمیت دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے کمیونٹی نمائندوں کو چیکس تقسیم کیے اور اپنے خطاب میں انہیں مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں شعور بیدار ہو، وہاں کامیابی یقینی ہوتی ہے،ہمیں بچوں میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہوگا، اور کنزرویشن کو ایک معاشی ماڈل کے طور پر متعارف کروانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کنزرویشن کی کامیابی کمیونٹی کے اعتماد اور شراکت سے مشروط ہے، ہمیں آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی وسائل کو محفوظ بنانا ہے اور ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عمل میں اپنا کردار ادا کرے۔

سیکریٹری جنگلات عبد الوحید شاہ نے کہا کہ ہم اپنے عزم اور مشن کی کامیابی کے لیے کوشاں ہیں۔ ٹرافی ہنٹنگ مقامی لوگوں کے لیے ایک باوقار ذریعہ معاش ہے، اور ہم مارخور کو دنیا میں پاکستان کا پرامن تشخص بنانے کے لیے استعمال کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک مارخور کی قیمت 2 لاکھ امریکی ڈالر تک جا سکتی ہے، جو اس خطے کی حیاتیاتی اہمیت اور عالمی دلچسپی کا ثبوت ہے۔

تقریب کے دوران چیف کنزرویٹر ڈاکٹر ذاکر حسین نے ٹرافی ہنٹنگ کے پس منظر،ڈویلپمنٹ اور مالی سال 25-2024 کی تفصیلات پر ایک جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال ٹرافی ہنٹنگ کے ذریعے 31 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی جبکہ آئندہ سیزن میں 45 کروڑ روپے آمدن کی توقع ہے، اب تک ٹرافی ہنٹنگ سے 4 ارب روپے سے زائد کی رقم مقامی کمیونٹیز کو منتقل کی جا چکی ہے،ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹیز کو جبکہ 20 فیصد حکومت کو جاتا ہے، اسی طرح نیشنل پارکس میں پارک انٹری فیس کا 75 فیصد حصہ کمیونٹی اور 25 فیصد حکومت کو دیا جاتا ہے۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ گلگت بلتستان میں اس وقت 7 نیشنل پارکس ہیں جن میں سے 3 ابھی زیر تکمیل ہیں۔ ٹرافی ہنٹنگ اور جنگلات کے تحفظ میں مقامی لوگوں کی شمولیت اور غیر قانونی شکار کے خلاف ان کے تعاون کو سراہا گیا۔