حضرت امام حسینؓ ، رفقاء کا چہلم (کل)مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا

بدھ 13 اگست 2025 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)نواسہ رسول ﷺحضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کا چہلم کل ( جمعہ )20صفر المظفر کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا ۔ اس دن کی مناسبت سے امام بارگاہوں میں مجالس اور مساجد میں خصوصی تقاریب ہوں گی جس میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو موضوع بنایا جائے گا ۔لاہور ،کراچی ، اسلام آباد ،پشاور،کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جلوس اور تعزیے برآمد کیے جائیں گے ،لاہور میں چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہو کر مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا،کراچی میں چہلم حضرت امام حسین کامرکزی جلوس نشترپارک سے برآمدہوگا اورروایتی راستوں سے گزرتاہواامام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پراختتام پذیرہوگا،پشاور میں چہلم امام حسین کے سلسلے میں دومرکزی جلوس برآمد ہوں گے، جلوس ذوالجناح امام بارگاہ آخوندآباد محلہ نوبجوڑی کوہاٹی سے جبکہ دوسرا جلوس کوچہ رسالدار قصہ خوانی سے برآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

دونوں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی ہی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوں گے، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چہلم کا مرکزی جلوس مومن آباد امام بارگاہ علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ مرکزی جلوسوں کے علاوہ دیگر علاقوں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوئے مقررہ مقامات پر ختم ہوں گے۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں ۔