پاک چین تعلقات کی جڑیں گہری، باہمی احترام، اعتماد اور محبت پر مبنی ہیں، ملک محمد احمد خان

بدھ 13 اگست 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان سے چین کے قونصل جنرل ژا ئو شیرین نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک منصوبوں اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔چینی قونصل جنرل نے قائم مقام گورنر کو عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی مدعو کیا۔

قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی جڑیں گہری ہیں اور باہمی احترام، اعتماد اور محبت پر مبنی ہیں۔چین ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سی پیک نہ صرف پاکستان کی ترقی بلکہ خطے کی خوشحالی کی کلید ہے۔حکومت نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر دی ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر بھی رابطے مضبوط ہیں۔چینی قونصل جنرل ژا شیرین نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔پاکستان کے ساتھ تعلیم، زراعت، غربت کے خاتمے اور صحت کے شعبے میں تعاون اور شراکت داری کو بڑھایا جائے گا،زرعی تحقیق میں پاکستان اور چین کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کو بڑھایا جائے گا۔