پشاور، زرعی یونیورسٹی پشاورمیں جشن آزادی کے حوالے سے پروقارتقریب کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 20:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) زرعی یونیورسٹی پشاور نے پاکستان بیت المال خیبرپختونخوا کے تعاؤن سے جشن آزادی کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی زرعی یونیورسٹی پشاور کے ڈین پروفیسر ڈاکٹرہمایون خان تھے۔ ممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا فرح خان ایڈووکیٹ گیسٹ آف آنرتھی، ٹریژرر زرعی یونیورسٹی پشاورڈاکٹر عبدالسلام، ڈائریکٹر یوتھ ڈیویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹرانورعلی شاد، ڈائریکٹر پاکستان بیت المال خیبرپختونخوا لال بادشاہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز پاکستان بیت المال خیبرپختونخوا شیراز خان ، شجاعت جاوید سمیت فیکلٹی ممبران، انتظامی آفسران اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تلاوت کلام پاک، نعت رسول کریم ﷺاور قومی ترانہ کے بعد طلباء نے قومی نغمے اورٹیبلو پیش کی۔

(جاری ہے)

زرعی یونیورسٹی پشاورکے طلباء ملیحہ انعام، جواد احمد، حفصہ محمد شاد، حافظہ عروج، صالح الدین ، اسرار خان، معاویہ، فہد سجاد اور سید حامد محمود نے جشن آزادی سے متعلق تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔اس دوران پاکستان سے متعلق سوالات و جوابات کا سیشن بھی ہوا۔

مہمان خصوصی ڈین پروفیسرڈاکٹر ہمایون خان، گیسٹ آف آنرممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا فرح خان ایڈووکیٹ، ڈائریکٹر یوتھ ڈیویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر انورعلی شاد اورڈائریکٹر پاکستان بیت المال خیبرپختونخوا لال بادشاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ آج ہم آزاد فضا میں جو آزادی سے سانس لے رہے ہیں ہمارے آباء و اجداد کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، آزادی اللہ تعالٰی کی طرف سے ایک عظیم نعمت ہے، برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی علیحدہ شناخت کےلئے جدوجہد کی، برصغير کے مسلمان 1947 میں قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی رہنمائی میں کامیاب ہوئے، ہم اپنے تن من دھن کی بازی لگا کر اس وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے اورہمیشہ اپنے رہنما قائد اعظم محمد علی جناح کے قول "ایمان، اتحاد اور تنظیم" کی پاسداری کریں گے۔

آخر میں مہمان خصوصی ڈین پروفیسرڈاکٹر ہمایون خان اورممبر صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا فرح خان ایڈووکیٹ نے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کئے اورکیک کاٹا۔