ضیاء الدین یونیورسٹی میں 78ویں یوم آزادی و معرکہ حق کے حوالہ سے تقاریب

بدھ 13 اگست 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ضیا ء الدین یونیورسٹی میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی تقریبات تمام کیمپسز اور سائٹس پر جوش و خروش کے ساتھ منائی گئیں جن میں تمام فیکلٹیز، ڈیپارٹمنٹس، اساتذہ، طلبا ء و طالبات، انتظامیہ اور جامعہ کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عباس ظفر نے کی جس میں طلبہ و طلبات کی بڑی تعداد نے قومی ترانہ پڑھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبہ نے قومی و ملی نغمے بھی پیش کیے اور بیت بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا جس نے جشن کی تقریب کو مزید گرما دیا۔جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات میں مقابلہ بیت بازی، شجر کاری، قومی و ملی نغموں اور کھیلوں کے مقابلے شامل تھے جبکہ گرین پاکستان کیلئے شجر کاری بھی کی گئی۔ جشن یومِ آزادی کے پر مسرت موقع پر معرکہ حق کی تاریخی فتح اور شہدا ء کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا گیا اور وطن سے محبت کے عزم کو دہرایا گیا۔ اس دوران تحریکِ آزادی پاکستان کے تاریخی مناظر کی تصویری نمائش بھی سجائی گئی، تقریبات کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی و خوشحالی اور امن و ترقی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔