پاک چین تعلقات کی جڑیں گہری ہیں ،باہمی احترام، اعتماد اور محبت پر مبنی ہیں‘ ملک محمد احمد خان

بدھ 13 اگست 2025 20:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ جس میں پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چینی قونصل جنرل نے قائم مقام گورنر کو عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی مدعو کیا۔

قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی جڑیں گہری ہیں اور باہمی احترام، اعتماد اور محبت پر مبنی ہیں۔ چین ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سی پیک نہ صرف پاکستان کی ترقی بلکہ خطے کی خوشحالی کی کلید ہے۔ حکومت نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر دی ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر بھی رابطے مضبوط ہیں۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعلیم، زراعت، غربت کے خاتمے، اور صحت کے شعبے میں تعاون اور شراکت داری کو بڑھایا جائے گا۔ زرعی تحقیق میں پاکستان اور چین کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کو بڑھایا جائے گا۔

بعدازاں قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے حضرت داتا علی ہجویری رحمة اللہ علیہ کے 982ویں عرس کی تقریبات کے موقع پر دودھ کی سبیل کا افتتاح کیا۔ عرس کے موقع پر تین روز دودھ کی سبیلیں لگائی جائیں گیں۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل ہی معاشرے میں ہم آہنگی کا ذریعہ ہے۔ حضرت داتا علی ہجویری رحمة اللہ علیہ کی تعلیمات ہمارے لئے روشن باب ہیں۔ عرس مبارک میں ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔