اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز کی زمین پر انڈسٹریل اسٹیٹ، چمڑے کی برآمدات میں سہولت اور ماحولیاتی و میڈیا اپ گریڈیشن کیلئے گرانٹس کی منظوری دیدی

بدھ 13 اگست 2025 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز کی زمین پر انڈسٹریل اسٹیٹ، چمڑے کی برآمدات میں سہولت اور ماحولیاتی و میڈیا اپ گریڈیشن کیلئے گرانٹس کی منظوری دیدی ۔وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا جس میں معیشت اور ترقی سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں چمڑے کی درآمد و برآمد پر ہیلتھ قرنطینہ سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کرنے کی منظوری دی گئی تاکہ چمڑے کی صنعت کو سہولت فراہم کی جا سکے اور اسے بین الاقوامی منڈیوں میں مزید مسابقتی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ای سی سی نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے لیے مالی سال 26-2025 میں تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی جس سے ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی لچک میں اضافے کے اقدامات کو مزید تقویت ملے گی۔ یہ گرانٹ وزارت کو اس سال کے آخر میں برازیل میں ہونے والے کانفرنس آف پارٹیز (COP-30) کے 30ویں اجلاس میں شرکت کے قابل بنائے گی۔مزید برآں ای سی سی نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) کے لیے 2,829 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جو اس کے انگریزی نیوز چینل کی اپ گریڈیشن کے لیے استعمال ہو گی تاکہ نشریات کے معیار میں بہتری اور عالمی ناظرین تک رسائی میں توسیع کی جا سکے۔

کمیٹی نے وزارت کو ہدایت دی کہ اس چینل کو خود کفیل اور مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے جامع بزنس پلان تیار کیا جائے تاکہ مستقبل میں وفاقی گرانٹس پر انحصار کم کیا جا سکے۔ ای سی سی نے کراچی میں پاکستان سٹیل ملز کی زمین پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی منظوری دی جس کا مقصد صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ ان فیصلوں پر بروقت اور موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کے مطلوبہ معاشی و سماجی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔