اعظم سواتی کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے کے لئے ملتوی

بدھ 13 اگست 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔ عدالت نے وزارت داخلہ کو اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

اعظم سواتی کی جانب سے وکیل سہیل سواتی عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار پرامن اور قانون پسند شہری ہے، درخواست گزار خود کو سرینڈر اور عدالتوں سے رجوع کرنا چاہتا ہے۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے وزارت داخلہ، آئی جی پولیس اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ڈپٹی کمشنر کو جواب کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتہ تک کیلئے ملتوی کر دی۔