پاکستان تعلیم سے تعمیر تک خواب دیکھنے سے ان کی تعبیر تک کے درمیان حائل فاصلے کو ختم کرنے کے لئے بنا تھا، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

بدقسمتی سے پاکستان ان افراد کے ہاتھوں میں چلا گیا جن کی ذہنی اور جسمانی غلامی کی تاریخ ہزار برسوں پر محیط تھی، آج بھی اس ملک کے ایک حصے میں ایوانوں کے ایک گوشے میں قیام وطن کا خواب زندہ ہے جس کے باعث تشکیل پاکستان کے مقاصد کی موہوم سی امید اپنی آب و تاب سے چمک رہی ہے،چیئرمین ایم کیوایم پاکستان

بدھ 13 اگست 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی اٹھہترویں یومِ آزادی پر ملک میں اور دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانیوں کو دلی مبارک باد، مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ تہنیتی بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آزاد اذہان ہی جسمانی اور زمینی آزادی کا درست معنوں میں مزہ چکھ سکتے ہیں تشکیلِ پاکستان روشن اور آزاد زہنوں کی مرہونِ منت تھی، پاکستان بنانے کا مقصد محض زمین کا ٹکڑا حاصل کرنا نہیں تھا بلکہ تمام عالم کے لئے ماڈل ریاست کا وہ تصور تھا جہاں تعلیم سے تعمیر تک خواب دیکھنے سے ان کی تعبیر تک کے درمیان حائل فاصلے کو ختم کیا جانا تھا، ہمارے اجداد نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں انصاف نہیں عدل کا بول بالا ہوتا بنیادی انسانی حقوق پامال نہیں کیئے جاتے سماجی اور معاشرتی ناہمواریوں کو درست کیا جاتا مگر بدقسمتی سے پاکستان ان افراد کے ہاتھوں میں چلا گیا جن کی ذہنی اور جسمانی غلامی کی تاریخ ہزار برسوں پر محیط تھی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا آج بھی اس ملک کے ایک حصے میں ایوانوں کے ایک گوشے میں قیام وطن کا خواب زندہ ہے جس کے باعث تشکیل پاکستان کے مقاصد کی موہوم سی امید اپنی آب و تاب سے چمک رہی ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل گمراہ کن نظریات و عقائد سے باہر نکل کے وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں اور مملکت خداداد کو ان خطوط پر استوار کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں جن کے لئے یہ ملک بنایا گیا تھا۔