جشن آزادی و معرکہ حق تقریبات ، سکھر میں 350 فٹ طویل دیوارِ مجسمہ کا افتتاح کر دیا گیا

بدھ 13 اگست 2025 21:40

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) سکھر میں معرکۂ حق تقریبات میں 350 فٹ طویل دیوارِ مجسمہ کا افتتاح کر دیا گیا ۔ محکمہ اطلاعات سندھ ( سکھر ) کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق سکھر میں جشنِ آزادی اور معرکۂ حق تقریبات کے سلسلے میں جی او سی 16 ڈویژن پنو عاقل میجر جنرل شہریار قریشی نے 350 فٹ طویل "داستانِ معرکۂ حق" دیوارِ مجسمہ کا افتتاح کر دیا۔

ملٹری روڈ پر قائم اس یادگار میں افواجِ پاکستان کی کامیابیوں، قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال، فاطمہ جناح، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، پاک فضائیہ کے طیارے، میزائل، شاہین اور 16 مئی 2025ء کے یومِ تشکر کی عکاسی کی گئی ہے۔یہ منصوبہ ایوارڈ یافتہ مجسمہ ساز منصور زبیری کی نگرانی میں سندھ یونیورسٹی، جام شورو اور اروڑ یونیورسٹی کے طلبہ کی مدد سے تیار کیا گیا۔

(جاری ہے)

میجر جنرل شہریار قریشی نے واکنگ ٹریک اور ملٹری روڈ کی بیوٹیفکیشن منصوبوں کا بھی افتتاح کیا، جبکہ شجرکاری مہم کے تحت ایک لاکھ سے زائد پودے سکھر کے گرین بیلٹس پر لگانے کا اعلان کیا گیا۔تقریب میں ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ، ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل، کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، ٹاؤن چیئرمین اور بلدیاتی نمائندے شریک ہوئے۔ اس موقع پر معرکۂ حق پر مبنی ایک شارٹ ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔