چین-پاک طبی روابط مزید مضبوط، ٹی سی ایم ٹریننگ پروگرام کا آغاز ہو گیا

بدھ 13 اگست 2025 22:10

چانگشا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)ہونان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن سے منسلک پہلے ہسپتال میں پاکستانی معالجین کے لیے ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن(ٹی سی ایم)کے تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔یہ تربیت چین-پاکستان ٹی سی ایم سینٹر کے تحت ’’ٹیلنٹ کی تیاری اور فروغ‘‘کے منصوبے کا اہم جزو ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چھ ماہ کے اس پروگرام میں شرکا کو روایتی چینی ثقافت، طبی چینی زبان، ایکیوپنکچر، ہربل میڈیسن، اور باریک سوئیوں کے طریقہ علاج سمیت مختلف موضوعات پر تھیوری، عملی تربیت اور کلینیکل پریکٹس فراہم کی جائے گی۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین-پاکستان ٹی سی ایم سینٹر کے شریک ڈائریکٹر لیو شِن مِن نے کہا کہ یہ تربیت دونوں ممالک کے عوام کی صحت اور دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے باقاعدہ تبادلوں کے نظام کے قیام کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق افتتاحی تقریب میں، چین کی 21ویں میڈیکل ایڈ ٹیم کی زمبابوے کے لیے نائب سربراہ اور ہسپتال کے ایکیوپنکچر، موکسیبسشن، اور بحالی مرکز کی ایسوسی ایٹ چیف فزیشن ہو شا نے بیرونی امداد میں اپنے تجربات شیئر کیے۔

تربیتی شرکا کی نمائندگی کرتے ہوئے دبیراحمد خان نے پروگرام میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس سے بھرپور علم اور مہارت حاصل کرنے کی امید رکھتے ہیں۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق واضح رہے کہ2015سے، ہونان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن سے منسلک پہلے ہسپتال نے دنیا بھر میں ٹی سی ایم کے فروغ کو بڑی اہمیت دی ہے، اور اب تک 25ممالک کے 500 سے زائد شرکاء کے ساتھ 25بین الاقوامی تربیتی پروگرام منعقد کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ، ہسپتال نے ماہرین اور اسکالرز کو سلوواکیہ، ہنگری، جرمنی، اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں تبادلے اور سیمینارز کے لیے بھیجا ہے، تاکہ ٹی سی ایم میں بین الاقوامی تعاون کو مسلسل فروغ دیا جا سکے۔