معرکہ حق کی کامیابی نے یوم آزادی کا لطف دوبالا کردیا ہے‘وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

فتح کا یہ احساس فیلڈ مارشل کی ولولہ انگیز قیادت کی مرہون منت ہے‘وفاقی وزیر مواصلات

جمعرات 14 اگست 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی نے یوم آزادی کا لطف دوبالا کردیا ہے،فتح کا یہ احساس فیلڈ مارشل کی ولولہ انگیز قیادت کی مرہون منت ہے۔وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے یوم آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پوری قوم یہ یوم آزادی فاتح کی حیثیت سے منا رہی ہے، لہلہاتا ہوا سبز ہلالی پرچم ہر پاکستانی کے دل کی دھڑکن ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی نے یوم آزادی کا لطف دوبالا کردیا ہے، معرکہ بنیان المرصوص نے دشمن پر پاک فوج کی ہیبت کو مسلمہ حقیقت بنا دیا، فتح کا یہ احساس فیلڈ مارشل کی ولولہ انگیز قیادت کی مرہون منت ہے۔ 78 سالوں میں پاک فوج نے ہر محاذ پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہنے کے لئے معرض وجود میں آیا ہے، ملکی وقار اور سر بلندی کیلئے ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ پر عمل کرنا ہو گا، جدید دور سے ہم آہنگ ہونے کیلئے نوجوان نسل پر انحصار کرنا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پرچم کے دونوں رنگ پاکستان کی خوبصورتی اور اتحاد کی علامت ہیں، ہر شہری ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوم آزادی کی خوشیاں منائے۔