یو م آزادی کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی میں پرچم کشائی ی پر وقار تقریب کا انعقاد

آزادی مفت میںنہیں ملی، یہ ہمارے آبا ئواجداد کے خون اور قربانیوں کا نذرانہ ہے‘ قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ

جمعرات 14 اگست 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) یو م آزادی کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی میں ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی،تقریب کے مہمان خصوصی قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ تھے۔قائم مقام سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ کی سب سے بڑی نعمتوں میں سے ایک ہے۔الحمدللہ آج ہم سب اس پاک دھرتی کی آزادی کا دن منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں، جو ہمیں اللہ کی خاص رحمت اور ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں سے ملی۔

ملک ظہیر اقبال نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو غلامی کی زنجیریں ٹوٹیں اور ہمیں ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔آزادی ہمیں مفت نہیں ملی، یہ ہمارے آبائو اجداد کے خون اور قربانیوں کا نذرانہ ہے۔ ہم ان کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

قائمقام سپیکر نے کہا کہ برِ صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور علامہ اقبال کے خواب کوعملی جامہ پہنایا۔

ملک کا مستقبل نوجوانوں سے جڑا ہے، آج کا نوجوان کل کا قائد ہے، اور قائد وہی ہو سکتا ہے جو تعلیم یافتہ، محبِ وطن اور کردار کا مضبوط ہو۔آئیے آج عہد کریں کہ ہم اپنے وطن کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔قبل ازیں 8 بج کر 55 منٹ پر سائرن بجایا گیا اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔بعد ازاں قومی ترانہ کی دھن بجائی گئی اورقائم مقام سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے پنجاب اسمبلی بلڈنگ پر پرچم کشائی کی۔قائمقام سپیکر نے سیکرٹری جنرل چوہدری عامر حبیب اور چیف سکیورٹی آفیسر محمد سلیم بھٹی کے ساتھ گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔